ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مظفر نگر فساد:سریش رانا،سنگیت سوم پر دائر مقدمہ واپس لے گی یوپی حکومت، عدالت میں درخواست دائر

مظفر نگر فساد:سریش رانا،سنگیت سوم پر دائر مقدمہ واپس لے گی یوپی حکومت، عدالت میں درخواست دائر

Thu, 24 Dec 2020 20:21:20    S.O. News Service

لکھنؤ،24 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)مظفر نگر فسادات سے متعلق کیس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے کو بڑی راحت مل سکتی ہے۔ حکومت نے کابینہ کے وزیر سریش رانا، ایم ایل اے سنگیت سوم اور کپل دیو کے خلاف دائر مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرکاری وکیل راجیو شرما نے مظفر نگر کی اے ڈی جے عدالت میں کیس واپس لینے کے لئے درخواست دائر دی ہے۔ عدالت نے کیس واپس لینے کی عرضی پر کوئی فیصلہ نہیں دیا ہے۔ 7 ستمبر 2013 کو ننگلہ منڈور کی مہا پنچایت کے بعد کابینہ کے وزیر سریش رانا، ایم ایل اے سنگیت سوم اور کپل دیو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ان تینوں رہنماؤں پر اشتعال انگیز تقاریر، دفعہ 144 کی خلاف ورزی، آتش زنی، توڑ پھوڑ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔یہ مہا پنچایت سچن اور گورو کے قتل کے بعد مظفر نگر میں طلب کی گئی تھی۔ مظفر نگر فسادات میں تقریباً65 افراد لقمہ اجل بن گئے اور فسادات کی وجہ سے 40 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے تھے۔

در اصل 27 اگست 2013 کو سچل اور گورو نامی دو نوجوانوں کو کوال گاؤں میں لوگوں نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیاتھا۔ اس قتل کاالزام شاہنواز قریشی پرلگا۔ سچن اور گورو کے قتل کے بعد جاٹوں نے نگلہ منڈور گاؤں انٹر کالج میں 7 ستمبر 2013 کو ایک مہاپنچایت طلب کی تھی۔ الزام ہے کہ اس مہا پنچایت کے بعد مظفر نگر میں ہنگامہ برپا ہوا۔


Share: